ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / تمل ناڈو اور کیرالہ ساحل سے جمعہ کو طوفان ٹکرانے کا الرٹ جاری

تمل ناڈو اور کیرالہ ساحل سے جمعہ کو طوفان ٹکرانے کا الرٹ جاری

Thu, 03 Dec 2020 20:27:48    S.O. News Service

چنئی،3؍دسمبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) گردابی طوفان ’نیوار‘ کے بعد تمل ناڈو اور کیرالہ ساحل سے جمعہ کو ایک اور طوفان ٹکرانے کا الرٹ جاری  کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ طوفان جنوبی ہند کے ساحلوں کی طرف بڑھ رہا ہے۔ خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ بوریوی نامی یہ گردابی طوفان کیرالہ کے ساحل سےہوکر گذرے گا، جس کےنتیجے میں کیرالہ کے سات اضلاع متاثر ہوسکتے ہیں۔

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق کیرالہ کی راجدھانی ترواننت پورم کے علاوہ کولم، پٹھان متھیٹا، کوٹایم، الاپوجا، اکوڈی اور ایرناکولم ضلع میں طوفان کی وجہ سے تباہی مچنے کا خدشہ ہے۔

اس طوفان کی آمد کے پیش نظر وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز تمل ناڈو اور کیرالہ کے وزرائے اعلیٰ سے تبادلہ خیال کیا ہے اور گردابی طوفان بوریوی کی وجہ سے خطہ میں پیدا ہو رہے حالات پر بات چیت کی ہے۔ وزیر اعظم مودی نے تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ کے پلانی سوامی اور کیرالہ کے وزیر اعلیٰ پنارائی وجین سے بات چیت کے بعد ٹوئٹ کرتےہوئے  کہا، ’’ہم نے ریاست کے کئی علاقوں میں گردابی طوفان بوریوی کے سبب پیدا شدہ حالات پر تبادلہ خیال کیا۔ مرکزی حکومت تمل ناڈو کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ میں متاثرہ علاقوں میں رہنے والے لوگوں کی حفاظت کی تمنا کرتا ہوں۔‘‘

طوفان کو لے کر ہندوستانی محکمہ موسمیات نے ایک بلیٹن جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سری لنکا کے ترنکومالی پہنچنے کے بعد بوریوی طوفان  آج خلیجِ منار اور تمل ناڈو میں کنیا کماری کی جانب پیش قدمی کرنے کا امکان ہے۔ محکمہ نے بتایا کہ اس کے بعد یہ طوفان مشرق جنوب مشرق کی جانب پیش قدمی کرے گا اور ۴دسمبر کی صبح کنیا کماری اور پامبن کے درمیان جنوبی تمل ناڈو کے ساحل کو عبور کرے گا۔ حکام نے حالات سے نمٹنے کے لئے 2000 سے زائد راحتی کیمپ قائم کیے ہیں اور ۵ دسمبر تک ساحل پر مچھلی پکڑنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔


Share: